ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں عیدالفطر نہایت جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ؛بارش کے پیش نظر جامع مساجد میں عید کی دوگانہ

بھٹکل میں عیدالفطر نہایت جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ؛بارش کے پیش نظر جامع مساجد میں عید کی دوگانہ

Wed, 06 Jul 2016 15:34:03  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 6 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت اطراف کے علاقوں ہوناور، کمٹہ، انکولہ، بیندور، کنداپور، اُڈپی اور مینگلور میں آج نہایت جوش وخروش کے ساتھ عید الفطر منائی گئی ۔ اس موقع پر زیادہ تر شہروں میں موسلادھار بارش کے پیش نظر متعلقہ تعلقوں کی جامع مساجد میں عید کی دوگانہ ادا کی گئی۔

بھٹکل جامع مسجد میں عید الفطر کی نماز میں شریک ہزاروں فرزندان توحید کےروبرو خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے پرجوش خطاب کرتے ہوئے بچوں کے بگڑتے اخلاق پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کے لئے والدین کو ذمہ دار قرار دیا، انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بچوں کی تربیت والدین اور سرپرست نہیں کررہے ہیں، بلکہ ہمارے دشمن اُن کی تربیت کررہے ہیں اور اُن کے اخلاق بگاڑنے میں مصروف ہیں۔ خلاصہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج موبائل، انٹرنیٹ، ٹی وی، فلم اور سیریلس کے ذریعے اُن کی تربیت ہورہی ہے۔ مولانا نے بتایا کہ ہمارے آباو اجداد کے اخلاق دیکھ کر ملک میں اسلام پھیلا تھا، مگر آج لوگ ہمارے اخلاق دیکھ کر دور بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ بچوں کے  ہاتھ میں آپ موبائل دیں گے، اور اُن سے کہیں گے کہ آپ انٹرنیٹ مت دیکھو، ٹی وی گھر پر رکھیں گے اور آپ خود سیریلس دیکھیں گے اور بچوں سے  کہیں گے کہ وہ ٹی وی نہ دیکھیں، یہ کیسے ممکن ہے ؟ انہوں نے والدین اور گھر کی خواتین پر زور دیا کہ وہ اپ نے بچوں کا خیال رکھیں اور اُن کی صحیح تربیت کریں، اُنہیں حضور اکرم ﷺ اور صحابہ کے اخلاق سے مستفیض کریں، اسلامی تاریخ کی اُنہیں جانکاری دیں۔ مولانا نے اس موقع پر مسلمانوں کے اندر پائی جانے والی اپسی نااتفاقی پر بھی سخت تشویش ظاہر کی اور مسلمانوں میں اتحاد پایا جانا ضروری قرار دیا۔ انہوں نے آپسی اختلافات کو دور کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

خلیفہ جامع مسجد میں مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے نماز عید کی دوگانہ ادا کرنے کے بعد اپنے جامع خطبے میں فرائض پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے جن چیزوں کو فرض کیا ہے اُں فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی طرح کی کوتاہی اللہ کو ہرگز قبول نہیں ہے۔ اسی طرح سے اللہ تعالیٰ نے جن چیزوں کو حرام قرار دیا ہے اس سے بچنا بھی ہر حال میں ضروری ہے۔ مولانا نے حقوق کے تعلق سے بتایا کہ اللہ نے ہم پر جن جن کے حقوق واجب کئے ہیں اُن سب کے حقوق ہمارے لئے ضروری ہے۔ والدین کے حقوق، بیوی بچوں کے حقوق،اولاد کے حقوق، شوہر کے حقوق اسی طرح عورتوں کے حقوق پر خطاب کرتے ہوئے مردوں اور عورتوں کے اختلاط پر سخت تشویش ظاہر کی۔ مولانا نے خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ  تمہاری عزت، تمہاری کامیابی،اس بات میں ہے کہ تم کو حضور اکرم ﷺ نے   پردے میں رہنے کا حکم دیا ہے۔تہم کو مردوں سے الگ رہنے کا حکم دیا، نہ تعلیم کے بہانےاور نہ ہی کام کاج کے بہانے تم مردوں کے ساتھ بیٹھ سکتی ہوشریعت نے اس کو حرام قرار دیا ہے۔مولانا نے نہایت صاف انداز میں بتایا کہ اگر کوئی تعلیم کے بہانے، اس کو جائز بتلاتے ہیں تو وہ شریعت سے ناواقف ہے۔ اُن کو شریعت سے کوئی واسطہ نہیں ۔مولانا نے کاروبار کے تعلق سے کہا کہ جو کاروبار دھوکہ دے کر کیا جائے گا وہ کاروبار حرام ہے۔مولانا نے کہا کہ تجارت اور معاملات کے تعلق سے بھی ہمیں اسلام کے تمام اُصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

نوائط کالونی تنظیم جامع مسجد میں مولانا انصار خطیب مدنی نے نماز عید کی دوگانہ پڑھائی، مدینہ جمعہ مسجد میں مولانا ذکریا برماور ندوی، مخدومیہ جمعہ مسجد میں مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی، مسجد نور میں مولانا اٰمین رکن الدین ندوی، مسجد بلال موگلی ہونڈا میں مولانا منور پیشمام نے نماز پڑھائی۔ نماز کے فوری بعد عید کا پیغام دیا۔

برادران وطن کے لئے ناشتے کا انتظام: عید کی دوگانہ کے فوری بعد جماعت المسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری جناب جان عبدالرحمن محتشم کی رہائش گاہ (ٹائٹانک بلڈنگ میں) برادران وطن بالخصوص آفسران اور اخباری نمائندوں کے لئے پرتکلف ناشتے کا انتظام کیا گیا، اس موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر چدانند وٹارے، بھٹکل تحصیلدار وی این باڈکر سمیت دیگر کئی لیڈران موجود تھے۔

سرکاری اسپتال کے مریضوں کے لئے فروٹ اور بریڈ: عید کے موقع کی مناسبت سے بھٹکل کے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ایڈمٹ مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے اُنہیں فروٹس اور بریڈتقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری سمیت دیگر کافی ذمہ داران موجود تھے۔

کمٹہ میں نماز عید: اُدھر کمٹہ جمعہ سجد میں مولانا منت اللہ  قاسمی نے نماز عید کی دوگانہ ادا کی۔ بعد میں ینگ مسلم فرینڈس کمٹہ کی جانب سے کمٹہ سرکاری اسپتال میں ایڈمٹ مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے انہیں فروٹس اور دیگر کھانے کی چیزیں تقسیم کی گئیں۔


Share: